ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکلی طلبا تخلیقی صلاحیتوں کے مالک ہیں، خلیجی ممالک سمیت ہر مقام پر ہمارے طلبا آگے ہیں: شمس اسکول کے جلسہ میں محمد یونس قاضیا کا خطاب

بھٹکلی طلبا تخلیقی صلاحیتوں کے مالک ہیں، خلیجی ممالک سمیت ہر مقام پر ہمارے طلبا آگے ہیں: شمس اسکول کے جلسہ میں محمد یونس قاضیا کا خطاب

Thu, 06 Apr 2017 19:04:46    S.O. News Service

بھٹکل:6/اپریل(ایس اؤنیوز)بھٹکل کے طلبا تخلیقی صلاحیتوں کے مالک ہیں، ہر ایک میدان میں اپنے نمایاں کارناموں سے انہیں پہچانا جاسکتا ہے، خلیجی ممالک میں جو بھٹکلی طلبا زیر تعلیم ہیں وہاں کے اسکولوں اور کالجوں میں بھی یہ طلبا قوم و ملک کا نام روشن کررہے ہیں، مگر  تعجب کی بات ہے کہ بھٹکل کے اداروں میں جو طلبا تعلیم حاصل کررہے ہیں ان میں وہ چیز نظر نہیں آتی۔اس طرف ہمیں خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار رابطہ سوسائٹی کے سابق صدر محمد یونس قاضیا نے کیا۔

وہ یہاں جامعہ آباد پر واقع سید علی کیمپس میں نیو شمس اسکول مونٹسری طلبا میں اسناد کے تقسیم کاری پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے طلبا میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے، والدین بچوں کی جس طرح تربیت کرتے ہیں وہ اسی نہج پر آگے بڑھتے ہیں، بھٹکل کے ماحول کی بات کریں تو یہاں والدہ ہی ماں اور باپ کا کردار ادا کرتی ہیں، ماں اپنے بچوں کے روشن مستقبل کی خاطر بہتر اسکولوں کی تلاش میں رہتی ہے، اسی سے  اس کی تڑپ ظاہر ہوتی ہے،اسی طرح بچے اکثر اپنے والدین کی باتوں کو نہیں مانتے، جب کہ وہیں بچے اساتذہ کی باتوں پر بغیر چوں چرا کے عمل کرتے ہیں اس سلسلے میں اساتذہ کو بچوں کی تربیت پر خاص دھیان دینا چاہئے۔ انہوں نے شمس اسکول انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ شمس نرسری اسکول بھٹکل کا سب سے پہلا انگریزی میڈیم اسکول ہے، اس معنی میں شمس کو اگر ہم بھٹکل میں انگلش میڈیم اسکولوں کا بانی کہیں تو کوئی غلط نہیں ہوگا۔

اس موقع پر انتظامیہ کے نائب صدر سید اشرف برماور ، سکریٹری محمد طلحہ سدی باپا ، ہائی اسکول کے صدر مدرس محمد رضا مانوی ، پرنسپال فہمیدہ ڈاٹا موجود رہ کر طلبا میں اسناد کی تقسیم کی ۔ پروگرام کی نظامت، شکریہ ، استقبالیہ وغیرہ کو یوکے جی کے مختلف  طلبا نے  انجام دیا۔


Share: